اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کو بتایاگیا ہے کہ پی آئی اے کا کل خسارہ 414.3ارب روپے ہے ٗ 247ارب روپے قرضوں کی مد ٗ 144.7ارب روپے واجبات، 4ارب روپے قرضوں کی رقم کی واپسی کی ماہانہ قسط اور 1.5ارب روپے ماہانہ سود کی مد میں شامل ہیں ٗمحض سات بین الاقوامی روٹس پر پی آئی اے کو 500ملین کے خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ٗاندرون ملک غیر منافع بخش روٹس پر ہونے والا خسارہ علیحدہ ہے ٗگذشتہ دو ماہ میں 194 گھوسٹ ایمپلائیز ٗ 73کیبن کریو اور
سات پائلٹس کو جعلی ڈگری کی بنیاد پر فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین پی آئی اے کو مربوط اور جامع بزنس پلان کوجلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کہ قومی ائیر لائن کی بحالی اور اسے منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ سپورٹ فراہم کی جائیگی۔ منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پی آئی اے میں جاری اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ ہوا بازی محمد سومرو، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان، سینٹر فیصل جاوید، چیئرمین پی آئی اے ائیر مارشل اسد محمود ملک اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو پی آئی اے کے انتظامی، مالی و دیگر معاملات اور ادارے کی بہتری کے لئے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ کی گئی ۔چیئرمین پی آئی اے ائیر مارشل اسد محمود ملک نے ادارے کی حالتِ زار بہتر بنانے، ادارے کو منظم اور پروفیشنل طریقے سے چلانے، کرپشن اور بدعنوانیوں کا خاتمہ کرنے، مالیاتی خسارے میں کمی لانے اور سروس کی بہتری کے لئے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ادارے کا کل خسارہ 414.3ارب روپے ہے۔ اس خسارے میں 247ارب روپے قرضوں کی مد میں، 144.7ارب روپے
واجبات، 4ارب روپے قرضوں کی رقم کی واپسی کی ماہانہ قسط اور 1.5ارب روپے ماہانہ سود کی مد میں شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ماضی میں منافع بخش اور غیر منافع بخش روٹس پرعدم توجہ کی وجہ سے اس وقت محض سات بین الاقوامی روٹس پر پی آئی اے کو 500ملین کے خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اندرون ملک غیر منافع بخش روٹس پر ہونے والا خسارہ اس سے علیحدہ ہے۔ ان نقصانات کے پیش نظر موجودہ انتظامیہ کی جانب سے بین الاقوامی روٹس کا از سر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔
بتایاگیا کہ ہوائی جہازوں کی حالتِ زار اور متعلقہ زمینی سہولتوں پر عدم توجہ کے باعث جہاں بنیادی سہولتوں کا فقدان تھا وہاں قیمتی مشینری اور آلات بھی کھلے آسمانوں تلے تباہی کا شکار تھے۔ موجودہ انتظامیہ نے اس شعبے پر بھی خاص طور پر توجہ دی ہے۔ پی آئی اے میں موجود افرادی قوت اور انکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ ادارے میں جاری اصلاحات پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ انتظامیہ کی جانب سے
گذشتہ دو ماہ میں 194 گھوسٹ ایمپلائیز جبکہ 73کیبن کریو اور سات پائلٹس کو جعلی ڈگری کی بنیاد پر فارغ کیا گیا ہے۔اجلاس کے دور ان ادارے کی بحالی کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات،نئے جہاز حاصل کرنے کی کوششیں، پائلٹوں کی تربیت کے لئے سیمولیٹر کے حصول، کیبن کریو کی تربیت و دیگر مالی معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ ملازمین کی بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ
پی آئی اے کے چھوٹے ملازمین کو بروقت تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کے وسائل پر ناجائز طریقے سے قابض لوگوں سے وسائل واگذار کرجا رہے ہیں تاکہ ان کا صحیح استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ چیئرمین پی آئی اے ائیر مارشل اسد محمود ملک کی جانب سے وزیرِ اعظم کو آئندہ تین ماہ اور لانگ ٹرم پلان پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ قومی ائیرلائن ہونے کے ناطے پی آئی اے ملک کی پہچان ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ
بدقسمتی سے قومی ائیر لائن کا شمار بھی ان اداروں میں ہوتا ہے جو ماضی میں بد انتظامی، کرپشن اور مفادات کی نذر ہوئے اور ان اداروں کا بوجھ عام آدمی اور ٹیکس دہندگان کو مسلسل برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے موجودہ انتظامیہ کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ قومی ائیر لائن کی بحالی اور اسے منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ سپورٹ فراہم کی جائیگی۔ وزیر اعظم نے چیئرمین پی آئی اے کو مربوط اور جامع بزنس پلان کوجلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی تاکہ ادارے کے خسارے پر قابو پایا جاسکے اور پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنا کر اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جاسکے۔
The post پی آئی اے کا کل خسارہ 414.3ارب روپے ،صرف سود کی مد میں ماہانہ کتنے ارب روپے اداکئے جارہے ہیں؟افسوسناک انکشافات appeared first on JavedCh.Com.

No comments:
Post a Comment