راولپنڈی/ اسلام آباد(این این آئی)پاک فوج نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا اور واضح کیا ہے کہ انشاء اﷲکسی بھارتی ڈرون کو لائن آف کنٹرول پار کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے گرائے گئے بھارتی جاسوس ڈرون کی تصویر شیئر کر تے ہوئے بتایا کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر باغ سیکٹر میں بھارتی جاسوس مار گرایا ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے واضح کیا کہ
انشاء اللہ کسی بھارتی ڈرون کو لائن آف کنٹرول پار کرنے کی اجازت نہیں دینگے ۔ قبل ازیں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون کی شہادت پر قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔گزشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے شاہ کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید اور دو بچوں سمیت 9 شہری زخمی ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج کی جارحیت پر قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔ترجمان کے مطابق قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک نے طلب کیا جہاں احتجاجی مراسلہ بھی ان کے حوالے کیا گیا۔پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر سویلین آبادی کو بھاری اسلحہ سے مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔2018 میں بھارتی افواج نے جنگ بندی معاہدے کی 2350 مرتبہ خلاف ورزی کی جس سے 36 شہری شہید جبکہ 142 زخمی ہوئے۔2017 میں بھارتی افواج نے 1970 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی۔مراسلہ میں کہاگیا کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کے خلاف ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے علاقائی امن سیکورٹی کوخطرہ لاحق ہے۔
The post پاک فوج نے بھارتی جاسوس طیارہ مار گرایا appeared first on JavedCh.Com.

No comments:
Post a Comment